ایک بار مسجد کوفہ میں امام ابن المبارک رحمہ اللہ امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے ۔ ابن المبارک رحمہ اللہ رفع الیدین کرتے تھے ۔ امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ نے نماز سے فارغ ہو کر ابن المبارک رحمہ اللہ سے کہا :
”ترفع يديک في کل تکبيرة کأنک تريد أن تطير“
”آپ نماز کی ہر تکبیر ( اس میں تسمیع بھی شامل ہے یعنی رکوع سے اٹھتے وقت ) میں رفع الیدین کرتے ہیں گویا اڑنا اور پرواز کرنا چاہتے ہیں ۔“
امام ابن المبارک رحمہ اللہ نے امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے جواب میں کہا :
”ان کنت أنت تطير في الاولي فاني أطير فيما سواها“
اگر آپ تحریمہ کے وقت رفع الیدین کرتے ہوئے ارادہ پرواز و اڑان رکھتے ہوں تو میں آپ ہی کی طرح باقی مواقع میں نماز میں پرواز کرنا چاہتا ہوں ۔
امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ امام ابن المبارک رحمہ اللہ کے اس جواب سے اس طرح کی بات رفع الیدین کی بابت کہنے سے ہمیشہ کے لیے خاموش رہے ۔
امام وکیع نے امام ابن المبارک رحمہ اللہ کے اس جواب کی بڑی تحسین و تعریف کی ۔
( کتاب السنۃ لعبداللہ بن احمد بن حنبل ، ص : 59 ، تاویل مختلف الحدیث لابن قتیبی ، ص : 66 ، سنن بیہقی ، ج : 2 ، ص :82 ، ثقات ابن حبان ، ج : 4 ، ص : 17، تاریخ خطیب ، ج : 13 ، ص :406 ، تمھید لابن عبدالبرج :5 ، ص :66 ، جزءرفع الیدین للبخاری مع جلاءص : 125,123 )
یہاں امام ابن البارک رحمہ اللہ نے امام ابوحنیفہ کو جو مسکت جواب عنایت کیا ہے وہ دراصل رفع الیدین کے خلاف اٹھائے جانے والے ہر شبہے کا جواب ہے۔
آج امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے پیروکار اس عظیم سنت کے خلاف جو بھی اعتراضات پیش کرتے ہیں ان سب کا جواب عبداللہ ابن المبارک رحمہ اللہ کی مذکورہ بات میں موجود ہے جس پر امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ بھی مبہوت ہوکررہ گئے تھے۔
ذیل مین تارکین رفع الیدین کے کچھ اعتراضات پیش کئے جاتے ہیں جوبالکل ان کے امام ہی کے پیش کردہ اعتراض سے ملتے جلتے ہیں ، نیز ان سب کا جواب بھی امام ابن المبارک رحمہ کے مسکت جواب ہی کی طرح ہے:
ملاحظہ ہو:
● اعتراض امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی زبان میں:
صحیح مسلم کی حدیث میں رفع الیدین کو سرکش گھوڑوں کے دم سے تشبیہ دی گئی ہے
● جواب امام ابن المبارک رحمہ اللہ کی زبان میں:
تو پھر تکبیرتحریمہ والے رفع الیدین کے بارے میں کیا خیال ہے؟
.
● اعتراض امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی زبان میں:
کوئی ایسی حدیث پیش کریں جس میں یہ لکھا ہو کی تاحیات رفع الیدین کرناہے۔
● جواب امام ابن المبارک رحمہ اللہ کی زبان میں:
کوئی ایسی حدیث پیش کریں جس میں تکبیرتحریمہ والے رفع الیدین سے متعلق تا حیات کی صراحت ہو ۔
.
● اعتراض امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی زبان میں:
کوئی ایسی حدیث پیش کریں جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہوکہ رفع الیدین کرو۔
● جواب امام ابن المبارک رحمہ اللہ کی زبان میں:
کوئی ایسی حدیث پیش کریں جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہوکہ تکبیرتحریمہ کے وقت رفع الیدین کرو۔
.
● اعتراض امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی زبان میں:
اگرکوئی رفع الیدین نہ کرے تو اس کی نماز ہوتی ہے یا نہیں؟
● جواب امام ابن المبارک رحمہ اللہ کی زبان میں:
اگر کوئی تکبیرتحریمہ والا رفع الیدین نہ کرے تو اس کی نماز ہوتی ہے یا نہیں ۔
.
● اعتراض امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کی زبان میں:
رفع الیدین واجب فرض ہے یا سنت ؟
● جواب امام ابن المبارک رحمہ اللہ کی زبان میں:
تکبیرتحریمہ والا رفع الیدین واجب فرض ہے یا سنت؟
فماکان جوابکم فهوجوابنا
No comments:
Post a Comment